آن لائن کلاسز، امتحان سے رہ جانے والے طلبہ کے لیے دوبارہ اہتمام کیا جائے، بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس نذیراحمد لانگو نے بلوچستان میں آن لائن کلاسز کے اجراء کے خلاف بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے دائر آئینی درخوست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران درخواست گزاران کے وکلاء میرعطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ، نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ،طلباء تنظیموں کے نمائندے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط،ایڈووکیٹ جنرل ارباب طاہر ایڈووکیٹ سمیت جامعات کے نمائندے پیش ہوئے،سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے بتایاکہ مختلف جامعات نے آن لائن کلاسز کی بندش کی بجائے امتحان کاشیڈول بھی جاری کردیاہے جس سے انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والے طلبا و طالبات میں امتحانی شیڈول جاری ہونے کی وجہ سے تشویش پائی جاتی ہے،اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ آن لائن کلاسز کے طریقہ کار طے کرنے کیلئے قائم حکومتی کمیٹی نے کیا کام کیاہے جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بتایاکہ اس حوالے سے باضابطہ میٹنگ کیں اور لائحہ عمل طے کیاہے،عدالت نے حکم دیاکہ آئندہ سماعت پر کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے،جامعات کی کمیٹی کے فیصلوں سے متصادم پالیسی کو مل بیٹھ کر حل کیاجائے اورامتحانات سے رہ جانے والے طلباء وطالبات کیلئے دوبارہ امتحان کاانعقاد کیاجائے۔بعدازاں کیس کی سماعت 6اگست تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں