سلیکٹڈ نمائندے ہر قسم کے اختیار سے محروم ہیں، نصراللہ خان زیرے

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ نااہل وناتجربہ کار افراد کو اقتدار سونپ کر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی راہ ہموار کی گئی، سلیکٹڈ نمائندوں کو ہر قسم کے اختیار سے محروم ہے جبکہ روز نئے فارمولوں سے اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، عوام مہنگائی میں پس چکے ہیں بدترین بیروزگاری کے باعث نوجوانوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے، باڈر کی اب تک بندش نے ہزاروں گھروں کے خاندانوں کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا،سلیکٹڈ حکومت اپوزیشن حلقوں میں اپنے من پسند افراد کو نواز نے اور کرپشن وکمیشن میں مصروف ہے، عوامی خزانے کی رقم کو عوام پر خرچ کرنے کی بجائے اس کو بے دریغ لوٹا جارہا ہے جس کی مزید اجازت نہیں دی جاسکتی، وسائل نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت پر دن رات مامور ہے حلقے میں جو ترقیاتی کام برسرزمین نظر آرہے ہیں وہ پشتونخوامیپ کے گزشتہ دور حکومت میں کیئے گئے ہیں اور اب بھی جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 31 کے علاقے بڑیچ قلعہ میں حاجی عبدالرحمن خیشکی بڑیچ کی قیادت میں 80 سیاسی کارکنوں اور قبائلی عمائدین کے پشتونخوامیپ میں شمولیت کے بڑے عوامی اجتماع، تختانی بائی پاس بڑیچ قلعہ کلی بلیدی کے حاجی عبدالطلیف بلیدی کی قیادت میں درجنوں افراد کی پشتونخوا میپ میں شمولیت اور گیس روڈ پر سردار دینارزی بنگلزئی کی قیادت میں درجنوں افراد کی پشتونخوا میپ میں شمولیت کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات سے علاقائی سیکرٹری حمداللہ خان بڑیچ، سابق کونسلر نعیم اچکزئی، حاجی عبدالرحمن خیشکی بڑیچ، عبدالطیف بلیدی، سردار دینار زئی بنگلزئی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ نئے شمولیت کرنیوالوں نے پارٹی پروگرام سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم ایسی جماعت میں شمولیت کررہے ہیں جس نے حلقے کے تمام عوام کی بلا امتیاز خدمت کی ہے اور رنگ، نسل،زبان، مذہب، فرقہ سے بالاتر ہوکر ہر علاقے میں اجتماعی عوامی فلاح وبہبود کے اسکیمات کو پائے تکمیل تک پہنچایا جس پر پارٹی اور حلقے سے منتخب عوامی نمائندے جناب رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کے مشکور ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ عوام کے امنگوں اور ان کے ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی گزشتہ دور حکومت میں پارٹی نے جس جوش جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کی اس پر پارٹی کو فخر ہے کیونکہ پارٹی نے کبھی بھی عوام کے حقوق پر کوئی سودا نہیں کیا اور عوامی خزانے کے پائی پائی کو عوام ہی کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت نے صوبے بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور پھر اپوزیشن کے حلقوں کے ساتھ جو امتیازی سلوک جاری رکھا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے حلقے کے عوام کے مسائل کرنا بھی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے لیکن حکومت نے یہاں کے عوام کے مسائل اور ان کی فلاح وبہبود کو مکمل طور پر نظر انداز کر رکھا ہے اور خود کرپشن وکمیشن میں مصروف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں