قانون کے شعبے سے منسلک لوگوں کو تمام سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے،وزیر اعلی
کوئٹہ:۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین منیر احمد خان کاکڑ کی قیادت میں وکلاء کے نمائندہ وفد نے یہاں ملاقا ت کی، ملاقات میں بار کونسل کے صدر محمد آصف ریکی ایڈووکیٹ،سلیم لاشاری ایڈووکیٹ، عطاء اللہ ایڈووکیٹ او رراحب خان بلیدی ایڈووکیٹ شامل تھے، ملاقات کے دوران وفد نے بلوچستان بار کونسل کے لئے اراضی کی فراہمی، وکلاء ہاؤسنگ اسکیم، وکلاء کے لئے طبی سہولیات، صوبائی سطح پر لاء آفیسرز کی تعیناتی، کنزیومر کورٹس کے قیام اور انڈومنٹ فنڈ میں اضافے سمیت دیگر متعلقہ معاملات پر وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی، وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا پڑھا لکھا اور باشعور طبقہ ہے اور ہمارے صوبے کے وکلاء کا شمار ملک کے نامور وکلاء میں ہوتا ہے، بدقسمتی سے 8اگست 2016ء کے سانحہ میں ہم بہت سے بہترین وکلاء کھوچکے ہیں، صوبائی حکومت نے اس خلاء کو پر کرنے کے لئے وکلاء کی استعداد کار میں اضافے کے لئے انہیں بیرون ممالک میں اپنے شعبہ میں تعلیم کے حصول کے سکالر شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ا س مقصد کے لئے قائم انڈومنٹ فنڈ کا بہترین اور بروقت استعمال ہو،انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کا بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ قانون کا شعبہ اہمیت کا حامل ہے اور اس سے منسلک لوگوں کو تمام سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء کے مسائل اور دیگر متعلقہ معاملات کو حل کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر ے گی تاکہ وکلاء ایک بہتر اور سازگار ماحول میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔ وفد نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بار سے خطاب کرنے کی دعوت دی، وزیراعلیٰ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر بار کا دورہ کریں گے