تربت میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ، آبسر میں 2 روز سے بجلی معطل

تربت (انتخاب نیوز) تربت کے سب سے بڑے یونین کونسل آبسر میں گزشتہ دو روز سے واپڈا کی جانب سے بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ تربت میں اس وقت شدید گرمیوں کا موسم ہے اور گزشتہ روز درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا نے گزشتہ دنوں میں آبسر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔ شہری شدید گرمی میں پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کے لئے مشکلات کا شکار ہیں۔ پینے کے لئے سرد پانی کی دستیابی تقریباً ناممکن ہو چکی ہے اور واپڈا کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی نے صورتحال کو مزید بدتر بنا دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، دو دن قبل آبسر میں ایک بااثر شخص کے گھر شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس کی وجہ سے واپڈا نے آبسر کے علاقوں میں معمول کی لوڈ شیڈنگ کو معطل کر کے تربت کے دیگر فیڈرز کے مقابلے میں یہاں بجلی کی فراہمی بڑھا دی تھی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں تربت کے دیگر علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ شادی کی تقریب کے اختتام کے بعد، واپڈا نے آبسر فیڈر میں روٹین کے مقابلے میں بھی زیادہ بدترین لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے۔ آبسر کے رہائشیوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصّے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا پورے تربت میں بجلی کی فراہمی کے معاملے میں یکساں رویہ اختیار کرے۔ بااثر شخصیات کے گھروں میں تقریبات کے دوران بجلی کی غیر منصفانہ فراہمی اور بعد ازاں ان فیڈرز پر بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ آبسر کے شہریوں نے اپنے منتخب کونسلران، نیشنل پارٹی، اور دیگر سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی فراہمی میں بہتری لائی جائے تاکہ لوگوں کو اذیت سے بچایا جا سکے۔ یہ مسئلہ آبسر کے باسیوں کے لئے نہ صرف شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے بلکہ واپڈا کی انتظامیہ کی کارکردگی اور فیصلوں پر بھی سوالیہ نشان اٹھا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں