حکومتی عدم توجہ سے ہزاروں زرعی گریجویٹس کا مستقبل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، جواد احمد

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان ایگری گریجویٹس فورم (BAGF) کے صدر جواد احمد میر نے حکومت بلوچستان اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی بے حسی پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ حکومت کی نا اہلی اور عدم توجہ کی وجہ سے ہزاروں زرعی گریجویٹس کا مستقبل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ جواد احمد میر نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے زرعی گریجویٹس کے لیے ملازمتوں کا اعلان نہ کرنا ان کی بے حسی اور ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔ ہزاروں تعلیم یافتہ زرعی گریجویٹس پچھلے کئی سالوں سے بے روزگار ہیں، اور حکومت کی غفلت نے ان کی مایوسی میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زرعی شعبہ ہے، جسے حکومت نے مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے اور یہ حکومت بلوچستان کی بڑی غلطی ہے۔ زرعی گریجویٹس نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اس مسئلے کا حل نہ نکالا تو وہ احتجاجی مظاہروں پر اتر آئیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو صوبے بھر میں شدید احتجاج ہو گا، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ بلوچستان کی مختلف طلبا تنظیموں اور عوامی حلقوں نے بھی اس مسئلے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر زرعی گریجویٹس کے لیے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے اور صوبے کی زرعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ جواد احمد میر نے آخر میں کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے اور حکومت کو اس بات کا احساس دلائیں گے کہ زرعی گریجویٹس کا مستقبل کسی بھی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں