ترقیاتی منصوبوں پر حملہ کروانے والے بلوچستان میں ترقی نہیں چاہتے، ظہور بلیدی

کوئٹہ(یو این اے )صوبائی وزیر پلاننگ اور ڈویلپمنٹ میر ظہور احمد بلیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں کولواہ سمیت کئی پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنے قیادت کے سیاسی وژن کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے تحت سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں جو بلوچستان کی محرومیوں کا مداوا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والی قوم پرست پارٹی کی سوچ اسکی قیادت کے مفادات سے مطابقت رکھتی ہے جو چاہتے ہیں کہ بلوچستان ہمیشہ پسماندہ رہے تاکہ ان کی نفرت اور انتشار کی سیاست قائم و دائم رہے۔ ایسے عناصر ترقیاتی منصوبوں پر حملہ بھی کرواتے ہیں تاکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا سکے۔ اس نام نہاد قوم پرست پارٹی کے خلاف کولواہ ہوشاب بلیدہ زاعمران اور پورے کیچ کے عوام کا احتجاج قابل ستائش ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے عزم کیا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرکے عوام کو ان کے فوائد پہنچائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، وہ قوتیں جو ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں ان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی تا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں