وفاق اور صوبوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں،گورنر یاسین زئی

کوئٹہ 23 جولائی:گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں محرومی اور پسماندگی ختم کیلئے عوامی ضروریات سے ہم آہنگ پالیسیوں کو تشکیل دینے، بنیادی ڈھانچہ کو مستحکم کرنے اور اچھی طرز حکمرانی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے دوررس اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور جان لیوا کروناوائرس کے خلاف موجودہ حکومت نے مرکزی اور صوبائی سطح پر بروقت اور فوری اقدامات اٹھانے کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں جو ایک خوش آئند عمل ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اور وزیراعظم پاکستان کے فوکل پرسن برائے کوویڈ نائنٹین فیصل سلطان بھی موجود تھے. ملاقات میں ملک و صوبے کے مجموعی امن اومان کی صورتحال، کروناوائرس کے خلاف اٹھائے حکومتی اقدامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سردار خادم حسین وردگ کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے بھی گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی، وفاقی وزیر اسد عمر اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری سے علیحدہ ملاقات کی جس میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعلیم، صحت، صاف پانی اور بیروزگاری سے متعلق عوامی مسائل و مشکلات زیر بحث آئے. وفد نے پاکستان کے دیگر صوبوں میں بلوچستان کے طلباء وطالبات کیلئے تعلیمی کوٹہ بڑھانے اور صوبے میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے وفاق کی جانب سے بلوچستان کو خصوصی پیکج دینے کا مطالبہ بھی کیا. اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں