صدر زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی صوبائی وزراء کیساتھ ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعلٰی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی صوبائی وزراء کے ہمراہ ایوانِ صدر میں ملاقات ،ملاقات میں صوبائی وزراء سردار بابا غلام رسول عمرانی ،میر علی حسن زہری،حاجی علی مدد جتک ،ظہور احمد بلیدی، اور دیگر شریک تھے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان سمیت اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں بتایا ۔وزیرِ اعلٰی بلوچستان نے صدر مملکت کو عوامی فلاح کیلئے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔صدر مملکت کا بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ صوبے کی آبی ضروریات پوری کرنے ، زراعت کے فروغ اور غذائی تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون سے کچّھی کینال کی جلد تکمیل ضروری ہے ، صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں