اورماڑہ ،دکان کے تالے توڑ کرچور لاکھوں مالیت کا سامان لے اُڑے
اورماڑہ (نمائندہ انتخاب)اورماڑہ پرانا بازار میں نامعلوم چور دکان کا تالا توڑ کر لاکھوں مالیت کا سامان لے اڑے ، چوری کا واقعہ میونسپل کمیٹی اورماڑہ کے کونسلر کے بھائی کے دکان سے ہوئی ، پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب اورماڑہ پرانا بازار میں نامعلوم چوروں نے گزی لین وارڈ نمبر تین کے کونسلر کے بھائی گنج بخش عرف گنجین نامی دکاندار کے گیراج اور گیراج سے منسلک اس کے آٹوز کی دکان کے تالے توڑ کر تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ کا سامان چوری کرکے لے گئے، متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ چند دن پہلے اس نے کراچی سے اپنے آٹوز کے لیے لاکھوں روپے مالیت کا سامان خرید کر لایا تھا، جو گزشتہ شب نامعلوم چوروں نے صفایا کر دیا، متاثرہ دکاندار کے مطابق مسروقہ سامان کی مالیت ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد کی ہے، اورماڑہ پولیس نے واقعے کا رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ۔


