بلوچستان، توانائی کی قلت پوری کرنے کیلئے اہم منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ:حکومت بلوچستان کا صوبے میں توانائی کی قلت پوری کرنے کیلئے اہم منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،سبی اور نوکنڈی میں ونڈ انرجی پارک جبکہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، پشین، خضدار، لورالائی، پنجگور اور لسبیلہ میں سولر انرجی پارک تعمیر کئے جائیں گے،صوبے میں انرجی پارکس کی تعمیر کے منصوبوں کے لئے زمین کے حصول کا عمل جاری ہے،یہ بات سیکرٹری توانائی بلوچستان شہر یار تاج نے نجی ٹی وی سے بات چیت کر تے ہو ئے کہی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں توانائی کے شعبہ کے 67نئے منصوبوں کیلئے 1642ملین روپے مختص ہیں، انہوں نے بتایا گیا کہ صوبے میں انرجی پارکس کی تعمیر کے منصوبوں کے لئے زمین کے حصول کا عمل جاری ہے جن میں سبی میں 5000ایکڑ، نوکنڈی میں ونڈ انرجی پارک کے لئے 10ہزار ایکڑ، قلعہ سیف اللہ سولر انرجی پارک کے لئے 2000ایکڑ اور مستونگ، پشین، خضدار، لورالائی، پنجگور اور لسبیلہ میں سولر انرجی پارک کے لئے ایک ایک ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کی آسامی جلد عمل میں لائی جارہی ہے، آئل اینڈ گیس ڈائریکٹریٹ کے قیام کی منظوری ہوچکی ہے، یورپین یونین پروجیکٹ کی معاونت سے توانائی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ اسلام آباد میں محکمہ کا کیمپ آفس قائم کیا جارہا ہے،سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ صوبے میں بجلی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچہ کی مضبوطی کے لئے وفاقی حکومت سے معاونت حاصل کی جائے گی۔