گوادر ،موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کلائیمیٹ ریزیلینس انفارمیشن سینٹر کا قیام
گوادر (نمائندہ انتخاب )موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے آگاہی اور اشتراک عمل بڑھانے کے لیے گوادر میں کلائیمیٹ ریزیلینس انفارمیشن سنٹر CRIC کا قیام کیا گیا ، افتتاحی تقریب میں ماہرین، سرکاری عہدیداروں، شہریوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس مرکزکا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار رہنے کی حکمت عملیوں کے تشکیل کے لیے ماہرین، متعلقہ اداروں اور عوام کے درمیان معلومات و مہارت کے تبادلے کو یقینی بنانا ہے۔افتتاحی تقریب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ دوست محمد بلوچ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جی ڈی اے عبدالرحیم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایریگیشن پذیر احمد بلوچ اور چیئرمین یونین کونسل سربندر نصیب نوشروانی نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اب ایک عالمی حقیقت بن چکی ہیں جن کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل ہو رہے ہیں اور بہت سے شہر اور گاؤں ویران ہو رہے ہیں۔ ایگریکلچر سیکٹر کی پیداوار میں بہت کمی آئی ہے، آبی وسائل خشک ہو گئے ہیں اور جنگلات اور درختوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔مقررین نے کلائمیٹ چینج کے ساحلی علاقوں میں اثرات پر خاص طور پر بات کی گئی۔ سمندری کٹاؤ، معمول سے ہٹ کر اور موسلادھار بارشیں، اور اربن فلڈنگ میں اضافے کی وجوہات میں ماحولیاتی تبدیلیاں بنیادی عنصر ہیں۔ قبل ازیں آر سی ڈی کونسل گوادر کے عبداللہ عثمان نے انفارمیشن سنٹر کے دائرہ عمل اور خدمات پر شرکا کو بریف کیا۔ تقریب کے اختتام پر محترم خدابخش ہاشم اور دیگر مہمانوں کے کلائمیٹ ریزیلئنس اینڈ اانفارمیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ یہ مرکز آر سی ڈی کونسل گْوادر اور سیپ پاکستان کے اشتراک سے قائم کیا گیاہے۔


