حکومت کے اپنے ہی اتحادی جام سے نالاں ہیں،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولاناعبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی 2سالہ کارکردگی مایوس کن ہے، ہر بحران کے بعد نئے بحران کو پیدا کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے جب تک ملک میں صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوں گے ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا، بلوچستان میں ایسے لوگوں کو عوام پر مسلط کردیا گیاہے جن کی پاس حکومت میں ہونے کے باوجود اختیار نہیں، بے روزگار انتہاء کوچھورہی ہے، حکومت کے اپنے ہی اتحادی جام حکومت سے نالاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، اب جو حکمران صوبے میں بر سر اقتدار ہیں وہ عوام کے مفاد میں کام نہیں کررہے بلکہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ان کے اتحادی جماعتیں بھی ان سے ناراض ہیں اور اب توہمیں حکومت میں شامل اتحادی جما عت کے منتخب نما ئندے کی جا نب سے بوری میں بے روزگار نوجوانوں کے کاغذات اور پیسے لے کر وزیراعلیٰ ہاؤس تک پہنچنے کی با ز گشت بھی سنا ئی دے رہی ہے۔صوبے میں کرپشن کا راج ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کی 2سالہ کارکردگی مایوس کن رہی ہے ہر بحران کے بعد نیا بحران پیدا کیا گیا جب کوئی بحران اختتام پذیر ہوتا ہے تو دوسرا جنم لیتا ہے۔ ٹماٹر بحران کے 2ماہ گزرنے کے بعد چینی بحران نے سر اٹھالیا،ایسے میں جب بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل پانی کی طرح بہہ رہا تھاہما رے ملک میں عوام پٹرول سے محروم ہوئے۔ چینی اورآٹا کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا نیا پاکستان بنانے والوں نے یہاں کے عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کردیاہے۔ لوگوں کو روزگار دینے والوں نے روزگار چھیننا شروع کردیا ہے جس کا منہ بولتا ثبوت سٹیل مل کے ملازمین کی برطرفی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے وعدے کئے تھے لیکن حقیقت یہ ہے کہ موجودہ دور میں بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہوگئے ہیں، ملک میں بے روزگاری کے باعث خودکشی کا رجحان بڑھ رہا ہے، موجودہ حکمرانوں کے برسراقتدار آنے سے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں