ملک کا مستقبل بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہے،علی مدد جتک
ملک کا مستقبل بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہے،علی مدد جتککوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 25جولائی 2018کے عام انتخابات میں ملک اور بلوچستان پر غیر منتخب لوگوں کو مسلط کردیا گیا جس کی وجہ سے آج ملک بحرانوں کا شکار ہے، تبدیلی لانے والوں نے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا ہے، ملک میں بے روزگار نوجوان مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث خودکشیاں کررہے ہیں، عیدالضحیٰ کے بعد بلوچستان بھر کے دورے کرکے پارٹی کی فعالیت کے لئے کردار ادا کریں گے، ملک کا مستقبل بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہوئی ہے اگر موجودہ حکمرانوں کو 25جولائی 2018کو عوام پر مسلط نہ کیا جاتا تو آج ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔ عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ان میں ایک بھی وفا نہیں کیا جاسکا ہے۔ حکمران جھوٹ اور یوٹرن لے کر 2سال گزرنے کے باوجود بھی عوام کو بے وقوف بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مشکلا ت کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہی ہے، قوم غیر جانبدارانتخابا ت اور خود مختار الیکشن کمیشن کا مطالبہ کرتی ہے خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے یہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کی بقاء، ترقی اور خوشحالی کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں نے اپنی نااہلی کی وجہ سے ان تمام تر قربانیوں پر پانی پھیر دیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے او رجمہوریت کے لئے پیپلزپارٹی کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے فوری طو رپر نئے انتخابات کرائے جائیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو ملک مزید بحرانوں سے دوچار ہوگا۔