بلوچ راجی مچی کی آڑ میں پرتشدد ہجوم کا حملہ، سپاہی جاں بحق، 16 اہلکار زخمی، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر) بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے گوادر ضلع میں سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے گوادر ضلع میں سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کیا،حملے کے نتیجے میں سپاہی شبیر بلوچ عمر 30 سال رہائشی ضلع سبی جاں بحق ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ دوسری طرف پروپیگنڈا کرنے والے جعلی اور گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور وڈیوز کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ غیر قانونی پرتشدد مارچ کے لیے ہمدردی اور حمایت حاصل کی جاسکے۔ سیکورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود غیر ضروری شہری جانی نقصان سے بچنے کے لیے انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، پرسکون اور پرامن رہیں اور عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں