گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام دھرنا آج نویں روز بھی جاری
گوادر(پ ر)بلوچ یکجہتی کمیٹی کی بلوچ راجی مچی پر ریاستی بربریت اور درندگی کے خلاف آج نویں روز بھی گوادر میں دھرنا جاری ہے۔بلوچ عوام تمام تر مشکلات اور ریاستی مظالم کے باوجود ہمت اور حوصلے کے ساتھ دھرنے کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بلوچ راجی مچی کی کامیابی نے بلوچستان میں عوامی مزاحمتی جدوجہد کو ایک قدم آگے بڑھایا ہے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک طویل اور کٹھن جدوجہد ہے جس میں مضبوط حوصلے اور اعلی شعور ہی اس جدوجہد کی کامیابی میں ہمیں مدد کرسکتے ہیں۔ ہم بلوچ عوام اوربلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان کو متوجہ کرتے ہیں کہ اس طویل اور صبر آزما جدوجہد کے لیے ذہنی اور فکری حوالے سے تیار ہونا ہی ہماری بنیادی ضرورت ہے اور یہی ہماری کامیابی کا ضامن بھی ہوگا۔بلوچ راجی مچی کو ناکام بنانے کے لیے وحشت اور درندگی کی بدترین مثال قائم کی، لیکن طاقت کے سامنے بلوچ عوام نے حوصلہ اور ہمت کی وہ اعلی مثال قائم کی جس سے ریاست اور اس کے تمام اداروں کو اس بات کا ادراک ہوچکا ہے کہ عوامی طاقت ہی اصل طاقت ہے۔ عوامی طاقت کے سامنے ریاستی طاقت صرف مٹی کا ڈھیر ہے۔بلوچ راجی مچی کے گوادر میں مرکزی دھرنے کے علاوہ اس وقت شال، پنجگور، تربت اور نوشکی میں دھرنے جاری ہیں۔


