علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمہ میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی وزیر کی منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج افضل موجوکا نے علی وزیر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت علی وزیر کے وکیل مصدق خٹک عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔یاد رہے کہ علی وزیر کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں منشیات اور اسلحہ برآمد کرنے کا مقدمہ درج ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) جج طاہر عباس سِپرا کی عدالت پیش کیا گیا تھا۔انسدادِ دہشت گری عدالت اسلام آباد نے سابق ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کا پولیس پر حملہ کرنے کے لیے ساتھیوں کی معاونت کرنے کے کیس میں مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔


