فائر وال کی تنصیب کے باعث انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس میں تعطل ہوا، پی ٹی اے

اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ملک بھر میں سست انٹرنیٹ سروسز کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ صورتحال آئندہ چند روز میں بہتر ہوجائے گی۔ وضاحتی بیان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی انٹرنیٹ کی سست روی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ فائر وال کی تنصیب کے باعث انٹرنیٹ اورسوشل میڈیاایپلیکیشنز تعطل کا شکار ہورہی ہیں ، تاہم صورتحال آئندہ چند روز میں بہتر ہوجائے گی۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور سوشل میڈیا ایپس میں خلل کے معاملے میں بہتری آنی شروع ہوئی ہے۔سوشل میڈیا ایپس کئی روز بعد بحال اور ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ ہونا شروع ہو گیا۔ڈاکومنٹس، تصاویر اور وائس نوٹس کئی دن کے بعدجمعہ کو ڈاﺅن لوڈ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔انٹرنیٹ میں خلل کے باعث ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی آئی تھی، جس سے ملکی ڈیجیٹل معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے بڑھتی ہوئی نگرانی کو انٹرنیٹ کی اسپیڈ میں کمی کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ صورتِ حال برقرار رہی تو کاروباری ادارے اپنے آپریشنز دوسرے ممالک میں منتقل کر لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں