چمن واقعہ،تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اے این پی
کوئٹہ:صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی،صوبائی مشیر ایکسائز ملک نعیم خان بازئی سینیٹر داد خان پیر علی زئی عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ملک عثمان اچکزئی ضلع قلعہ عبداللہ کے صدر خان محمد خان کاکڑجنرل سیکرٹری جمیل خان پیر علی زئی پارٹی رہنما عبدالجبار کاکڑ اور دیگر نے پاک افغان بارڈر چمن پر جودردناک واقعہ رونما ہوا اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں جو بھی ملوث ہے ان کیخلاف کارروائی کرکے گرفتار کیا جائے اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنا کرتمام حقائق عوام کے سامنے لائی جائے واقعہ کیخلاف متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 3اگست کو عید ملن پارٹی اور دیگر تمام پروگراموں منسوخ صو بہ بھر کے کارکن متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائیں یہ بات انہوں نے واقعہ سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ پاک افغان چمن بارڈر کے حوالے سے ہم نے ہمیشہ واضح موقف اختیار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ چمن میں بے روزگاری کے خاتمے امن وامان کی بحالی کیلئے چمن بارڈر کو کھولا جائے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے اعلی حکام سے رابطے بھی کیے انہوں نے یقین دہانی بھی کرائی لیکن بدقسمتی سے اپیل پر غور نہیں کیاگیا جس سے آج ایک دلخراش اور دردناک واقعہ رونما ہوا جس سے کئی لوگ شہید اور زخمی ہوئے جو ایک قابل افسوس واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ میں جو بھی ملوث ہے چاہئے حکومتی ہو یا دیگر ان کیخلاف کارروائی کرکے تحقیقات عوام کے سامنے لائیں انہوں نے کہاکہ3اگست کو عید ملین پارٹی چمن اور قلعہ عبداللہ اور پارٹی کی جانب سے دیگر پروگرامات متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منسوخ کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں شہدا کی درجات بلندی اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے مزید کہاکہ حکومت بلوچستان اس حوالے سے مکمل تحقیقات کرینگے اور حقائق عوام کے سامنے لائینگے شہدا اور زخمیوں کیلئے حکومتی سطح پر مکمل تعاون کرینگے۔


