دنیا دہشت گردی بڑھنے پر ہمیں طعنے دے رہی ہے، بی ایل اے جو کچھ کر رہی ہے وہ درندگی کی ایک مثال ہے، شہباز شریف
اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چند برس قبل تک ہم نے دہشت گردی پر قابو پا لیا تھا، لیکن دوبارہ دہشت گردی بڑھنے پر دنیا ہمیں طعنے دے رہی ہے۔منگل کو نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں لوگ دہشت گردی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ بی ایل اے جو کچھ کر رہی ہے وہ ‘درندگی کی ایک مثال ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ کیا دھرنے اور جلوس پاکستان کے مفاد میں ہیں؟ ہمیں بیٹھ کر ٹھنڈے دل کے ساتھ معاملات کو سلجھانا ہو گا۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ دھرنے یا لانگ مارچ کرنے ہیں یا ترقی اور خوشحالی کی طرف جانا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے چین، سعودی عرب اور امارات کی مدد لینا پڑی، اُمید ہے کہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو گا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بقول ملک کی معیشت بتدریج آگے بڑھ رہی ہے جس میں تمام اداروں کا کردار ہے۔ اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ پالیسی ریٹ 22 فی صد سے کم ہو کر 15 فی صد تک آ گیا ہے۔