ضلع بانڈی پور میں بھارتی فوج کا ایک اور ٹرک حادثے کا شکار، متعدد فوجی ہلاک
مقبوضہ جموں و کشمیر کے بانڈی پور ضلع میں ہفتہ کو فوج کا ایک ٹرک بے قابو ہو کر پہاڑی سے نیچے گرنے سے چار فوجیوں کی موت ہو گئی اور 3 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ کے صدر کوٹ پائین علاقے کے قریب فوجیوں کو لے جانے والا فوجی ٹرک اس وقت حادثے کا شکار ہو گیا جب ایک موڑ پر ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا۔ ٹرک پہاڑی سے نیچے جا گرا۔ذرائع کے مطابق واقعے میں کچھ فوجیوں کو شدید چوٹیں آئیں ہیں، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم چار فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ زخمیوں میں سے تین کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے، جن کا مزید علاج جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 24 دسمبر کو پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب فوج کی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی تھی ۔ اس حادثے میں 5 فوجی ہلاک اور ڈرائیور سمیت 5 دیگر فوجی شدید زخمی ہو گئے۔بھارتی فوج نے اس سڑک حادثے کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’2.5 ٹن وزنی گاڑی، جو چھ گاڑیوں کے قافلے کا حصہ تھی، پونچھ کے قریب آپریشنل ٹریک پر جاتے ہوئے سڑک سے اتر کر کھائی میں گر گئی۔‘4 نومبر 2024 کو راجوری ضلع میں ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں گرنے سے فوج کا ایک سپاہی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگئے تھے۔2 نومبر 2024 کو ریاسی ضلع میں ایک کار پہاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے ایک خاتون اور اس کے 10 ماہ کے بیٹے سمیت تین افراد ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔