نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کردیا، عرب ممالک کی مذمت
ل ابیب(مانیٹر نگ ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کردیا ہے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے علاوہ اردن، شام، لبنان اور دیگر عرب ممالک کو بھی اس متنازع نقشہ کا حصہ دکھایا گیا ہے۔سعودی عرب، قطر، اردن اور متحدہ عرب امارات (یواے ای) نے اس متنازع اسرائیلی نقشے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایسے بے بنیاد اور انتہاپسند اقدامات اسرائیلی حکام کے غاصبانہ ارادوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات قبضے کو مستحکم کرنے اور ریاستوں کی خودمختاری پر حملے اور عالمی قوانین کی خلاف وزی کا اظہار کرتے ہیں۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری خطے کے ممالک اور عوام پر جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔بیان میں اس بات پر زوردیا گیا کہ ممالک کی خود مختاری اور ان کی سرحدوں کا احترام کیا جائے تاکہ خطے میں مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کی کوششوں کو کامیاب کیا جاسکے۔