چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارت بڑھائی جائے، بھارتی وزیر خارجہ کا افغان ہم منصب سے مطالبہ
کابل(آئی این پی ) افغانستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو اہم علاقائی اور معاشی شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری اور طالبان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کی دبئی میں ملاقات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے اور ایران کی چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارت کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔ افغان وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی متوازن اور معیشت پر مرکوز خارجہ پالیسی کے مطابق امارت اسلامیہ کا مقصد بھارت کے ساتھ ایک اہم علاقائی اور اقتصادی شراکت دار کے طور پر سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ ادھر بھارتی وزارت خارجہ نے اجلاس کے بعد بیان میں کہا کہ بھارت افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہونے اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر غور کر رہا ہے۔ بھارت سمیت کوئی بھی پڑوسی ملک طالبان انتظامیہ کو سرکاری طور پر افغانستان کی حکومت کے طور پر تسلیم نہیں کرتا۔تاہم بھارت ان متعدد ممالک میں سے ایک ہے جس کا کابل میں ایک چھوٹا سا سفارتی مشن تجارت، امداد اور طبی امداد کے لیے موجود ہے اور اس نے طالبان کے زیرِانتظام افغانستان میں انسانی امداد بھیجی ہے۔ چین اور روس سمیت اہم علاقائی ملکوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ افغانستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔