وزیراعلی کا ملازمین کی تنخواہوں سے یتیموں کے نام پر کٹوتی کا اعلان ناقابل برداشت ہے، ایپکا بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی صدر حاجی علی اصغر بنگلزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں سے یتیموں کے نام پر کٹوتی کا اعلان مضحکہ خیز اور ناقابل برداشت عمل ہے ملازمین کو تنخواہیں ان کے کام کے معاوضے کے طور پر دی جاتی ہے نہ کہ یہ ایک احسان ہے ۔ ملازمین کے مرضی کے بغیر ان کی تنخواوں سے کٹوتی کا اختیار کسی کو بھی نہیں ۔وزیر اعلی اگر واقعی یتیموں کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہے تو وہ وزرا اور پی ایس ڈی پی سے من پسند افراد کو ملنے والے سیاسی رشوت کو یتیموں پر خرچ کرے انہوں نے کہا کہ ہر سال بلوچستان حکومت اربوِں روپے لیپس کرنے کے بجائے مزکورہ خطیر رقم بلوچستان کے یتیم اور غریب خاندانوں کی کفالت پر خرچ کرے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اورخصوصا وزیر اعلی کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے وقت واجبات اور پنشن سے کٹوتی ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے حکومت ملازمین کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھیں ایپکا ایسے متعصبانہ اور ظالمانہ فیصلوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اپنے حقوق کے حصول کیلئے مضبوط حکمت عملی کے تحت میدان میں آئیں گے ۔ حکومت ہوش کے ناخن لیں مزید مظالم اور غاصبانہ فیصلے کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان کے تمام اضلاع بشمول کوئٹہ میں ایک مضبوط تنظیم کی شکل میں موجود ہے ۔ حکومتی ظالمانہ فیصلوں پر تمام ملازمین میں شدید نفرت اور غصہ پائی جاتی ہے ۔ جو حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ملازمین کو ڈرانے اور دھمکانے کا دور گزر چکا ۔ پانچ سال کیلئے چور دروازے سے فارم 47 کے تحت وجود مین آنے والی حکومت جس طرح سے اداروں کو تباہ اور لوگوں پر روزگار کے دروازے بند کرنا چاہتی ہے وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتی ۔حکومت کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی صفر جبکہ صوبے میں امن وامان کی خرابی بے روزگاری اور غربت کی شرح میں اضافہ ان کی مزموم مقاصد کی واضح مثال ہے ۔ ایسے میں صوبے کو بہتر انداز میں چلانے کی بجائے اسے مزید محرومیوں اور پسماندگی کی جانب دھکیلنے میں حکومت کا بڑا ہاتھ ہے ۔ صوبے میں امن و امان اور لوگوں کی آسانی پیدا کرنے کے ضروری ھے کہ سیکرٹریٹ کی باونڈری سے اختیارات ضلعی اور ڈویژنل سطح پر منتقل کیے جائیں اور اسطرح کے غیر مقبول ظالمانہ فیصلوں سے اجتناب کریں۔ نہیں تو ایپکا حکومت کی پوری مشینری جام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں