بحریہ ٹاﺅن کی متعدد جائیدادیں سربمہر، ملک ریاض کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع

کراچی (انتخاب نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بحریہ ٹاو¿ن کراچی، لاہور، تخت پڑی، نیو مری گولف سٹی اور اسلام آباد میں کثیر المنزلہ رہائشی و کمرشل جائیدادوں کو سر بمہر کر دیا۔ نیب نے ملک ریاض اور دیگر افراد کے خلاف فراڈ کے زیر تفتیش مقدمات میں ایکشن لیا ہے، بحریہ ٹاو¿ن کے سیکڑوں اکاو¿نٹس منجمد کرتے ہوئے درجنوں گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ مخصوص عناصر ملک ریاض کے دبئی پروجیکٹ میں رقوم منتقل کر رہے ہیں، ملک ریاض کو بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ نیب کے اعلامیہ کے مطابق اتھارٹی نے بطور قومی احتساب ادارہ اپنے مینڈیٹ میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ایک بار پھر عوام کو آگاہ کیا ہے کہ بحریہ ٹاو¿ن کے مالک ملک ریاض احمد اور دیگر کے خلاف دھوکا دہی کے متعدد مقدمات اس وقت زیر تفتیش ہیں۔ مزید برآں نیب نے ان ملزمان کے خلاف اسلام آباد اور کراچی کی احتساب عدالتوں میں متعدد ریفرنسز دائر کیے ہیں اور ان عدالتوں نے تمام ملزمان کو طلب کیا ہے۔ ان مقدمات میں ملک ریاض احمد اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کراچی، تخت پڑی راولپنڈی اور نیو مری میں بحریہ ٹاو¿ن کے نام پر نہ صرف سرکاری بلکہ نجی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے، بغیر اجازت ہاو¿سنگ سوسائٹیاں قائم کرنے اور عوام سے اربوں روپے کا فراڈ کرنے کے الزامات اور ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ اس حوالے سے حالیہ کارروائیوں میں بحریہ ٹاو¿ن کی کراچی، لاہور، تخت پڑی، نیو مری/گالف سٹی اور اسلام آباد میں متعدد کمرشل اور رہائشی املاک کو سیل کر دیا گیا، جن میں کثیر المنزلہ کمرشل عمارتیں بھی شامل ہیں، مزید برآں بحریہ ٹاو¿ن کے سیکڑوں بینک اکاو¿نٹس منجمد اور گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں اور اس حوالے سے مزید کارروائیاں تیزی سے کی جا رہی ہیں۔