بی وائے سی کی کال پر تربت اور پنجگور میں مکمل شٹر ڈاﺅن،حب میں پولیس کا احتجاجی کیمپ پر دھاوا

کوئٹہ، تربت (انتخاب نیوز،نامہ نگار) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے تربت میں دوسرے دن شٹرڈاو¿ن ہڑتال اور شہید فدا چوک پر دھرنا۔ کوئٹہ میں بی وائے سی کی مرکزی قیادت کی گرفتاری اور پر امن مظاہرین پر تشدد اور قتل کے خلاف تربت میں اتوار کو دوسرے دن بھی بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر بازار اور مارکیٹیں بند رہیں۔بی وائے سی کی قیادت نے کل رات تربت میں دھرنا گاہ پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کوئٹہ واقعات کے خلاف آج تربت میں شٹرڈاو¿ن ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ہڑتال کے دوران شہید فدا چوک پر بی وائی سی کے کارکنوں نے دھرنا دے رکھا ہے جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ دھرنا میں سیاسی کارکنوں اور عام لوگوں کی ایک کثیر تعداد شریک ہے۔ علاوہ ازیں پنجگور میں بھی بی وائے سی کی کال پر آج اتوار کو دوسرے روز بھی شٹرڈاون ہڑتال جاری رہی، ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز دکانیں بند جبکہ شام کے وقت بی وائے سی پنجگور کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی اور جاوید شہید چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں حب چوکی بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے پر پولیس کا تشدد، مظاہرین پر آنسو گیس اور شیلنگ، عمران بلوچ سمیت متعدد مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پولیس تشدد سے خواتین سمیت 15 کے قریب مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔