صدر پاکستان کیخلاف نازیبا پوسٹ کرنیوالا کراچی پولیس کا اہلکار پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز)صدر پاکستان کے خلاف نازیبا پوسٹ کرنا کراچی کے پولیس افسر کو مہنگا پڑگیا اور اسٹیشن انویسٹی گیشن افسر (ایس آئی او) ابراہیم حیدری کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے سکھن پولیس نے ابرار شاہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق تفتیشی افسر ابرار شاہ نے فیس بک پر 2 اپریل کو پوسٹ کی تھی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ لکھے گئے۔ مقدمہ سکھن تھانے کے ڈیوٹی افسر یعقوب کی مدعیت میں درج ہوا۔ مقدمے کے متن ڈیوٹی افسر یعقوب اپنے موبائل فون پر لوگوں کے کمنٹس پڑھ رہا تھا، رات 8 بجکر 40 منٹ پر ابرار شاہ نے انگریزی میں کمنٹ لکھا۔ ڈیوٹی افسر یعقوب کے بیان کے مطابق ابرار شاہ نے اہم عہدے پر براجمان شخصیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نازیبا تحریر درج کی جس سے میری اور دیگر شہریوں کی دل آزاری ہوئی، جبکہ یہ فعل پیکا ایکٹ کی دفعہ 504 اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 21 کے تحت آتا ہے۔