چمن میں افغان مہاجرین کیخلاف آپریشن، شہر بھر میں سخت چیکنگ، نقل و حرکت محدود

چمن(یو این اے )چمن میں وفاقی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے افغان مہاجرین کے خلاف بھرپور کریک ڈان کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بلوچ کی نگرانی میں رسالدار حاجی عبدالجبار کی سربراہی میں نائب رسالدار عبدالصادق اور دفعدار محمد شفیق نے لیویز فورس کے ہمراہ مختلف علاقوں میں تابڑ توڑ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔شہر کے حساس مقامات، جن میں رحمان کہول روڈ، شین تالاب، بائی پاس اور دیگر علاقوں میں سخت چیکنگ جاری ہے۔ لیویز فورس نے گھروں، دکانوں، بازاروں اور ناکہ جات پر مشتبہ افراد کے شناختی کارڈ چیک کرنا شروع کر دیئے ہیں، جس سے افغان مہاجرین میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ضلع انتظامیہ نے تمام غیر قانونی افغان مہاجرین کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رضامندی سے پاکستان چھوڑ کر باعزت طریقے سے افغانستان چلے جائیں، ورنہ سخت قانونی کارروائی کے لئے تیار رہیں۔اس اچانک آپریشن سے شہر میں سنسنی پھیل گئی ہے جبکہ مہاجرین میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی اور غیر قانونی طور پر مقیم کسی بھی افغان شہری کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب عوام کی بڑی تعداد انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہیں جبکہ افغان مہاجرین کی بے دخلی کے معاملے پر مختلف حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔