گوادر میں دفعہ 144 نافذ، عوام گھروں تک محدود رہیں، ڈپٹی کمشنر

گوادر (صباح نیوز) گوادر میں دفعہ 144 نافذ، لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی: ڈپٹی کمشنر کا اہم اعلامیہ۔ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم اعلامیہ میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر اپنے گھروں تک محدود رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اعلامیہ کے مطابق ضلع گوادر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں کچھ افراد کی جانب سے گوادر سے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم حکومت بلوچستان کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی فرد یا گروہ کو اس نوعیت کی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے پ±رزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کے لیے گھروں میں رہیں اور دفعہ 144 کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ قانون کی حکمرانی برقرار رکھی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں