افغانستان کومشورہ ہے کہ دہشت گردوں کو لگام ڈالیں اپنی سرزمین کو استعمال نہ ہونے دے، شہباز شر یف

ویب ڈیسک وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ کالعدم تنظیمیں اور دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کو اللہ نے ہمسایہ بنایا، اب فیصلہ کرنا ہے کہ اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا ہے یا خدانخواستہ تنازعات کے ساتھ رہنا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ افغان حکومت کو کئی بار پیغام دیا گیا ہے کہ دوحہ معاہدے میں یہ طے ہوا تھا کہ وہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن بدقسمتی سے وہاں سے متعدد دہشت گردی تنظیمیں آپریٹ کرتی ہیں اور پاکستان کے بے گناہ لوگوں کو انہوں نے شہید کیا ہے جب کہ پاکستان کے عوام، افواج پاکستان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ دہشت گردوں کو لگام ڈالیں اور اپنی سرزمین دہشت گردی کے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے تمام امور میں رہنمائی لی جاتی ہے، نوازشریف کی زیرقیادت قوم کی خدمت کررہے ہیں۔شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورے سے متعلق کہا کہ بیلاروس کا دورہ کامیاب رہا، ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو بیلاروس بھجوانے پراتفاق ہوا، ان پاکستانیوں کو بیلاروس میں روزگار ملےگا جب کہ دورہ بیلاروس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پربات ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنیات کے بے پناہ ذخائر ہیں، معدنیات کے حوالے سے مشینری بیلاروس میں بنتی ہے، زرعی مشینری کے لیے بیلاروس کی کمپنیوں سے جوائنٹ وینچر کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیلاروس کی زراعت میں مہارت سے استفادہ کریں گے، تیزی سے ترقی کرتا پاکستان ہمارے منزل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں