حکومت بلوچستان نے بھارت میں وفات پانیوالے آریان کے لواحقین کی مالی معاونت کردی، شاہد رند

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انڈیا میں زیر علاج وفات پانے والے بچے آریان کی والدہ کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق آریان کے انڈین اسپتال کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان نے ادا کر دیے ہیں۔ لواحقین کی وطن واپسی کے لیے حکومت بلوچستان نے وزارت خارجہ سے رابطہ قائم کیا ہے اور آریان کی میت اور لواحقین کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ فضائی سفر کے تمام اخراجات بھی حکومت بلوچستان برداشت کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق حکومت بلوچستان لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے آریان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ لواحقین کی واپسی اور دیگر معاملات میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں