اسحا ق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ، پاک بھارت صورتحال پر تبادلہ خیال، پاکستان کے فیصلوں سے آگاہ کیا

ویب ڈیسک: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ڈان نیوز نےدفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کا اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو بھارتی اشتعال انگیز اقدامات اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے بھارت کی جانب سے عائد کردہ بنیاد الزامات کو مسترد کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے علاقائی صورتحال پر مشاورت اور رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 افراد کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کےدرمیان کشیدگی عروج پر ہے، بھارت نے اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ منسوخ اور اٹاری بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔پاکستان نے بھارتی اقدامات کے جواب میں بھارت کے ساتھ تجارت، واہگہ بارڈر بند کرنے اور بھارتی ایئرلائنز اور فوجی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔