جمعیت علماءاسلام آج بلوچستان بھر میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی

کوئٹہ(این این آئی) قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی اپیل اور صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی ہدایات کے مطابق کل 22 مئی بروز جمعہ بلوچستان بھر سمیت ملک کے تمام صوبائی و ضلعی ہیڈکوارٹرز میں جمعیت علماءاسلام کے زیر اہتمام ظالمانہ مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، بجلی و گیس کے ناقابل برداشت بلوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف بھرپور، منظم اور تاریخی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔بلوچستان کے تمام اضلاع میں ہزاروں کارکنان، علماءکرام، نوجوان، تاجر، مزدور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام سڑکوں پر نکل کر موجودہ نااہل حکومت کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کریں گے۔ گوادر سے ڑوب، چمن سے جعفرآباد و نصیرآباد تک بڑے بڑے احتجاجی اجتماعات، ریلیاں اور مظاہرے منعقد ہوں گے، جہاں عوام واضح الفاظ میں یہ پیغام دیں گے کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔جمعیت علماءاسلام سمجھتی ہے کہ مہنگائی کے مسلسل طوفان نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ دو وقت کی روٹی، بجلی، گیس اور روزمرہ ضروریات کی فراہمی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے، جبکہ حکمران طبقہ عوامی مشکلات سے لاتعلق اور غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ کل کا احتجاج دراصل عوامی جذبات، اضطراب اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف ایک مضبوط عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔تمام کارکنان اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کل کے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے اتحاد، نظم و ضبط اور پرامن انداز میں اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں