”رائز“ پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار، جدید مہارتیں فراہم کی جائیں گی، چیف سیکرٹری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت بلوچستان میں ”رائز“ منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے نوجوانوں، پسماندہ علاقوں اور کمزور طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور پروگرام سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار، جدید مہارتوں اور خود کفالت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”رائز“ پروگرام بلوچستان کے عوام خصوصاً نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت بنے گا، جس کے ذریعے نہ صرف بے روزگاری میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ صوبے میں پائیدار ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور، خاران، واشک، گوادر، آواران اور کیچ/تربت سمیت دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں ہزاروں نوجوانوں کو فنی و تکنیکی تربیت، چھوٹے کاروبار کے مواقع، مالی معاونت اور معاشی استحکام کے منصوبے فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے باعزت ذریعہ معاش حاصل کر سکیں۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ اس میگا پروگرام کے لیے کئی ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو بلوچستان کی تاریخ میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے ایک بڑی سرمایہ کاری تصور کی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امن، سماجی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر ثقافتی اور موضوعاتی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا، جن کی 11 تقریبات میں 3946 افراد نے شرکت کی، جن میں 34 فیصد خواتین شامل تھیں۔ اسی طرح امن و سماجی ہم آہنگی پروگرام کے تحت 215 گرانٹس کے ذریعے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز اور لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نوجوانوں کے لیے 550 قومی سطح کے نمائشی و مطالعاتی دورے کرائے گئے، جبکہ ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر آگاہی، کھیلوں اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے 34 مختلف تقریبات کامیابی سے منعقد کی گئیں۔ حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران انٹرپرائز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تربیت اور آمدنی پیدا کرنے والے گرانٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 55 اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو 5 سے 20 ملین روپے تک مالی معاونت دی جائے گی۔ مزید برآں نوجوانوں کی تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت اور انٹرپرائز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2500 مستحق افراد کے اکاﺅنٹس بھی پراسیس کیے جاچکے ہیں۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے، انہیں بااختیار بنانے اور صوبے میں پائیدار معاشی استحکام پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور حکومت انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ صوبہ ترقی، خوشحالی اور امن کی نئی منزلیں طے کرسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں