پاکستان اور روس کا کراچی میں نئی اسٹیل مل قائم کرنے پر اتفاق
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان اور روس نے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کراچی میں ایک نئی اسٹیل مل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ معاہدہ وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان اور روسی نمائندے ڈینس نظروف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کا مرکزی موضوع پاکستان میں نئی اسٹیل ملز کے قیام پر بات چیت تھی۔ دونوں فریقین کے درمیان کراچی میں اسٹیل مل قائم کرنے کے لیے ممکنہ تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور انہوں نے اس منصوبے کی ترقی اور نفاذ کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے وزیرِاعظم کے اس وڑن پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے یہ بہترین وقت ہے کیونکہ پاکستان اب بین الاقوامی سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے ایک محفوظ اور مضبوط مرکز بن چکا ہے۔


