سینئر صحافی لطیف بلوچ کے قتل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، نیشنل پارٹی

تربت (نمائندہ انتخاب) نیشنل پارٹی کے ارکان بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور خیر جان بلوچ نے مشکے کے سینئر صحافی لطیف بلوچ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائے اور قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ارکان اسمبلی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ لطیف بلوچ صوبے کے پسماندہ ترین علاقے مشکے سے تعلق رکھنے والے ایک باہمت اور بے ضرر صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ علاقے کے مسائل اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لطیف بلوچ ایک توانا آواز تھے اور ان کو گھر کے اندر اہل خانہ کے سامنے سوتے ہوئے قتل کر دینا نہ صرف افسوسناک بلکہ ایک دلخراش سانحہ ہے جو نہ صرف صحافتی برادری بلکہ اہل بلوچستان کے لیے صدمے کا باعث ہے ارکان اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان میں صحافی انتہائی خطرناک حالات میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور اب تک کئی صحافی اپنی جان مال اور روزگار کی قربانی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور لطیف بلوچ کے قتل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انصاف کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں