بھارت کے سابق مشہور اوپنر چیتن چوہان کا کورونا کے باعث انتقال
سنیل گواسر کے ساتھ اوپننگ کرنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور یوپی کے ریاستی وزیرچیتن چوہان کورونا وائرس سے متاثر ہوکر انتقال کرگئے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چیتن چوہان کے بھائی نے بتایا کہ سنیل گواسکر کے ساتھ اوپننگ کرنے والے مشہور بلے باز چیتن چوہان 73 برس کی عمر میں چل بسے۔
چیتن چوہان کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ ماہ مثبت آیا تھا اور گڑگاؤں کے ایک ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے لیکن ان کی حالت خراب ہوتی گئی اور جسم کے کئی اعضا نے کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا۔
ان کے بھائی پشپندرا چوہان کا کہنا تھا کہ ‘ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن بعد میں دوبارہ ٹیسٹ مثبت آئیں’۔بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد میں چیتن چوہان سب سے زیادہ مشہور شخصیت ہیں۔
چیتن چوہان نے کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد کوچنگ کی اور پھر سیاست میں حصہ لیا تھا اور شمالی ریاست یوپی میں حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن منتخب ہوگئے تھے۔
چیتن چوہان 21 جولائی 1947 کو پیدا ہوئے اور بھارت کی جانب سے 25 ستمبر 1969 کو ٹیسٹ اور یکم اکتوبر 1978 کو ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق انہوں نے 1969 سے 1981 کے دوران 40 ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کھیلا اور 2 ہزار 237 رنز بنائے لیکن وہ اپنے پورے کیریئر میں کوئی سنچری نہیں بناسکے۔
سنیل گواسکر کے ساتھ ان کی اوپننگ جوڑی مشہور ہوئی تھی اور دونوں اوپنرز نے 54.85 کی اوسط سے رنز بنائے تھے، جس میں 11 مرتبہ 100 رنز یا اس سے زیادہ کی شراکت شامل تھی۔


