ریکوڈک مائننگ کمپنی کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور مشاورت کیلئے قائم 16 رکنی کمیٹی کا تعارفی اجلاس
نوکنڈی (نامہ نگار) ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے زیر اہتمام سی ایس آر فنڈز سے علاقے میں سماجی و ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور مشاورت کے لیے تشکیل دی گئی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی (CDC) کا پہلا تعارفی اجلاس نوکنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ابتدائی ڈھانچے اور قیادت کا متفقہ طور پر انتخاب کیا گیا۔ کمیٹی مجموعی طور پر 16 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں 12 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔ تعارفی اجلاس میں 14 ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں RDMC کے افسران علی دوست یلانزئی، محمد عیسیٰ طاہر سنجرانی، نور خان مینگل، عبدالخالق ڈیگارزئی اور محبوب شیرزئی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران اتفاق رائے سے تین سالہ مدت کے لیے کمیٹی کی قیادت کا انتخاب عمل میں آیا، جس کے تحت حاجی عرض محمد بڑیچ چیئرمین اور مفتی خلیل الرحمن محمدحسنی کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔ کمیٹی کا قیام علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی، تجاویز کی فراہمی اور مقامی عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کی غرض سے عمل میں لایا گیا ہے، جو ریکوڈک مائننگ کمپنی کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی (CSR) پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔


