پنجگور میں مسلح افراد نے دکاندار کو اغوا کرلیا، رہزنوں کے ہاتھوں نوجوان زخمی
پنجگور (نامہ نگار) چتکان پرانا تربت روڈ سے دکاندار کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ تاجران کمیٹی کے صدر فرید نواز کے مطابق محمد شریف ولد شمس الدین سکنہ پنچی کو مسلح افراد نے اس وقت اغوا کرلیا جب وہ گاڑی میں اپنے بیٹے کے ہمراہ بازار آرہے تھے، نامعلوم مسلح افراد نے محمد شریف کو اغوا کرنے کے بعد گاڑی اور بیٹے کو چھوڑ دیا، تاہم محمد شریف کو ساتھ لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے واقعہ سے متعلق پولیس کو اطلاع کردی ہے اگر محمد شریف فوری طور بازیاب نہیں ہوا تو تاجران کمیٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جہاں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے ہم محمد شریف کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دریں اثناءپنجگور کے علاقے عیسیٰ کہن زنگی میں رہزنی کے دوران نہ رکنے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے حمل ولد لیاقت زخمی ہوگیا۔ واضح رہے کہ پنجگور میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب تک کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔


