مولانا خان زیب کا قتل قومی سانحہ، طاقت کے ذریعے جمہوری آواز کو خاموش کرانے کا خوفناک کھیل جاری ہے، حافظ حمداللہ
کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت علما ء اسلام کے مرکزی رہنما ء و سابق سینیٹر مو لانا حافظ حمد اللہ نے عوامی نیشنل پا رٹی کے رہنما مو لانا خان زیب کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہو ئے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعے جمہوری آواز کو خاموش کرانے کا خوفناک کھیل جاری ہے جمہوریت کو مجبور محض بنانے والے فارم 47کی اسمبلیاں مولانا خان زیب کی شہادت میں شریک جرم ہیں ۔ اے این پی رہنما مولانا خان زیب کی ظالمانہ شہادت پر رد عمل دیتے ہو ئے مو لانا حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ مولانا خان زیب شہید امن کے سفیر تھے جسے بے دردی سے خون میں نہلایا گیاان کی شہا دت قومی سانحہ ہے مو لانا حافظ حمد اللہ نے کہا کہ طاقت کے ذریعے جمہوری آواز کو خاموش کرانے کا خوفناک کھیل جاری ہے اور یہ سب کچھ ریاستی اِداروں کے ناک کے نیچے ہو رہا ہے بلکہ مولانا خان زیب کی شہادت ریاستی اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان ہے انہوں نے کہا کہ تحفظ کے نام پر قوم کے اربوں روپے لینے والے سیکورٹی ادارے مولانا خان زیب کی شہادت پر خاموش کیوں ہیں ؟جمہوریت کو مجبور محض بنانے والے فارم 47 کی اسمبلیاں مولانا خان زیب کی شہادت میں شریک جرم ہیں انہوں نے کہا کہ میں مولانا خان زیب کی شہادت مذمت کرتا ہوں ہم اس دردناک سانحہ میں شہید کے اہل خانہ اور اے این پی قیادت کے ساتھ غم میں برابر شریک ہیں۔


