تربت یونیورسٹی میں زیرتعلیم پی ایچ ڈی اسکالرز بین الاقوامی جامعات میں تحقیقی سرگرمیوں کیلئے منتخب
کوئٹہ (آن لائن) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے لیکچرار اور پی ایچ ڈی اسکالر واجد علی اورتربت یونیورسٹی میں زیرتعلیم پی ایچ ڈی اسکالر میر چاکر رحیم کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انیشی ایٹو پروگرام (IRSIP) کے تحت چھ ماہ کے لیے اسکالرشپ پر بین الاقوامی جامعات میں تحقیق کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ واجد علی اپنی تحقیق یونیورسٹی آف منیسوٹا، امریکہ میں ڈاکٹر ونسنٹ نوارو (غیر ملکی سپروائزر) کی نگرانی میں انجام دیں گے، جبکہ ملکی سپروائزر کے طور پر ان کی رہنمائی تربت یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمن کریں گے۔اسی طرح میر چاکر رحیم اپنی تحقیق امپیریئل کالج لندن، برطانیہ میں ڈاکٹر روڈریگو لیڈیسما آمارو (غیر ملکی سپروائزر) کی نگرانی میں جاری رکھیں گے، جبکہ تربت یونیورسٹی سے ڈاکٹر حنیف الرحمن ان کے ملکی سپروائزر ہوں گے۔یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس نمایاں کامیابی پر دونوں محققین کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے تعلیمی و تحقیقی سفر کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔تربت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز اور انتظامی عملے نے بھی اس کامیابی کو ادارے کے لیے باعث فخر قرار دیا۔


