امریکی عدالت نے صدر ٹرمپ کے زیادہ تر عالمی ٹیرف غیر قانونی قرار دیدیے
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے بیشتر عالمی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیدیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اپیلز کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے کئی عالمی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا، تاہم انہیں فی الحال برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ امریکی فیڈرل سرکٹ کورٹ آف اپیلز کے 7-4 کے فیصلے نے ماتحت عدالت کے اس موقف کی توثیق کی کہ ٹرمپ نے ہنگامی اقتصادی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر ٹیرف عائد کر کے اپنے اختیار سے تجاوز کیا۔تاہم عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو اپیل دائر کرنے تک ٹیرف 14 اکتوبر تک برقرار رکھنے کی اجازت دی ہے۔عدالتی فیصلے کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کایہ فیصلہ امریکا کو تباہ کردے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ تمام ٹیرف اب بھی نافذ ہیں، ٹیرف پر فیصلہ سنانے والی اپیلز کورٹ غلط اور جانبدار تھی۔ امریکی سپریم کورٹ کی مدد سے ٹیرف کوقوم کے فائدے کیلئے استعمال کریں گے۔


