سیلاب سے 5 سو ارب روپے کا نقصان ہوا، امداد کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دیں گے، احسن اقبال

لاہور (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیلاب سے 500 ارب روپے کے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے، حکومت اس بار بیرون ملک امداد یا قرضوں کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دے گی، کشکول کو خدا حافظ کہیں گے۔ لاہور میں زرعی ماہر جاوید سلیم قریشی اور سیکرٹری جنرل انسٹیٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان (آئی ای پی) انجینئر امیر ضمیر خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ سیلاب ہمیں ایک بار پھر زراعت اور معیشت میں پیچھے دھکیل گیا، لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، ایسے نقصانات سے سیکھنا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ مشاورت سے کسانوں کی نقصانات کا مداوا کریں گے، 2022 میں وعدوں کے بعد بھی دنیا نے امداد نہیں دی، اس بار دوسروں کی امداد نہیں اپنی خود انحصاری ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اب تک سیلاب سے 500 ارب روپے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم حکومت خود انحصاری پر توجہ دے گی، اور غیر ملکی امداد یا قرض لینے کا ارادہ نہیں رکھتی، خود انحصاری پر توجہ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں