ریکوڈک مائننگ پروجیکٹ کے تحت نوکنڈی، تفتان کے نوجوانوں کیلئے مینٹور شپ پروگرام کا انعقاد
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) آر ڈی ایم سی نے اپنے کمیونٹی انگیجمنٹ اور مینٹورشپ پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کمیونٹی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے، جس کے لیے عملی تربیت فراہم کی گئی ہے جیسے سی وی لکھنے، انٹرویو کی تیاری اور نوکری کے لیے درخواست دینے کے عمل شامل ہیں۔ پروگرام کے دوسرے مرحلے کو نوکنڈی اور تفتان کی کمیونٹیز تک توسیع دی گئی، جہاں کل 192 شرکاءنے حصہ لیا، جن میں 71 خواتین شامل تھیں۔ مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جن میں گروپ ورک کے ساتھ ساتھ ون آن ون مینٹورنگ بھی شامل تھی تاکہ ہر فرد کو ان کی ضرورت کے مطابق رہنمائی فراہم کی جاسکے۔ ایک موک انٹرویو ڈیمانسٹریشن کے ذریعے شرکاءکو عملی طور پر مو¿ثر انٹرویو دینے کے طریقے سکھائے گئے۔ مجموعی طور پر پروگرام کا مقصد روزگار کے حاصل ہونے کے مواقع بڑھانا، ذاتی ترقی کو فروغ دینا اور کیریئر کے مواقع تک رسائی کے راستے کھولنا ہے۔ اس موقع پر آر ڈی ایم سی کے سائٹ ایچ آر لیڈ، عنایت اللہ جو خود بھی نوکنڈی سے تعلق رکھتے ہیں نے کہا ہم مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہیں، تاکہ افراد کو ایسی مہارتیں اور اعتماد فراہم کیا جاسکے جن کی انہیں روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے ضرورت ہے۔ اس پروگرام کا دوسرا مرحلہ ہماری کمیونٹیز اور افراد میں مسلسل سرمایہ کاری کی عکاسی کرتا ہے، تاکہ وہ ان معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار رہیں۔ کمیونٹی انگیجمنٹ اور مینٹورشپ پروگرام، آر ڈی ایم سی کے مقامی ترقی اور پائیدار کمیونٹی گروتھ کے عزم کا ایک بنیادی ستون ہے۔ پہلے مرحلے میں ریکوڈک سائٹ کے گردونواح کے دیہات جیسے ہمے، دربن چاہ، تنگ کچا اور دیگر بستیوں کے نوجوانوں نے حصہ لیا۔ آر ڈی ایم سی اپنی کمیونٹی کے افراد کے لیے ایسی صلاحیت سازی کی سرگرمیاں جاری رکھے گا جو روزگار کے مواقع کو بڑھائیں گی اور طویل مدتی کیریئر کی کامیابی میں مددگار ثابت ہوں گی۔


