ایف آئی اے کی کوئٹہ اور گوادر میں کارروائی، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 4 افراد گرفتار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں ، ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ اور کمپوزٹ سرکل گوادر نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کرلیے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں حاجی شریف، عبدالرحمن، ریاض اور نذیر احمد شامل ہیں۔ ملزمان کو کوئٹہ اور گوادر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 1072 امریکی ڈالر، 5770 افغانی، 2485 ترکش لیرا برآمد کرلیے گئے۔ ملزمان سے 9 لاکھ انڈونیشن روپیہ، 5.3 ملین ایرانی ریال، 27 لاکھ پاکستانی روپے بھی برآمد کرلیے گئے۔ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان سے موبائل فونز، 23 سے زائد چیک بکس بھی برآمد کرلی گئیں۔ ملزمان کے زیر استعمال بینک اکاﺅنٹس سے کروڑوں روپے کی حوالہ ہنڈی سے متعلق ٹرانزیکشنز کی گئی۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں