کوئٹہ میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کے اوقات کار فوری تبدیل کرکے رات کو12بجے تک گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح اور شام کے اوقات میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث نہ صرف کھانے پکانے میں دشواری ہوتی ہے بلکہ بچے، بزرگ اور خواتین شدید سردی سے متاثر ہورہے ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ ہیٹر اور گیزر چلانا بھی ممکن نہیں ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔خواتین کوامورخانہ داری کی انجام دہی میں دشواری کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ زرغون روڈ، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، بروری، سمنگلی روڈ، نواں کلی، ہزارہ ٹاﺅن اور دیگر رہائشی علاقوں کے مکینوں نے بتایاکہ موسم تبدیل ہوگیا ہے، خصوصاًرات اورصبح کے اوقات میں موسم ٹھنڈا ہوتا ہے اور وضو کرنے کےلئے گرم پانی کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے گیس کی فراہمی کا شیڈول موسم کے مطابق تبدیل کرکے رات کو10بجے کی بجائے12 بجے تک گیس کی فراہمی برقرار اور صبح 5 بجے گیس کی سپلائی بحال کی جائے، تاکہ عوام اپنے گھروں میں معمولات زندگی بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزارت توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور شہریوں کو موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں