کوئٹہ، جیل روڈ ہدہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، علاقہ مکین ہزاروں روپے بل جمع کرانے کے باوجود بجلی سے محروم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ہدہ جیل روڈ کے علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 60 سے 70 ہزار روپے تک کے بجلی کے بل باقاعدگی سے جمع کروانے کے باوجود حکومت کی جانب سے بجلی فراہم نہیں کی جارہی۔ ان کا کہنا ہے کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جہاں بل جمع کرائے جاتے ہیں، وہاں ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیوں کی جا رہی ہے۔ مکینوں نے بتایا کہ غریب عوام ادھار لے کر یا اپنا سامان بیچ کر بجلی کے بل جمع کرواتے ہیں، مگر اس کے باوجود بجلی فراہم نہیں کی جاتی۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سوشل میڈیا پر ہر معاملے کا نوٹس لیتے ہیں، بجلی بھی عوام کی ایک بنیادی ضرورت ہے۔ اگر عوام بل جمع کر رہے ہیں تو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاجاً سڑکیں بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔


