ضمنی انتخابات، فیصل آباد اور ہری پور میں ووٹرز کی ووٹ کاسٹ کرنے کی وائرل وڈیو پر الیکشن کمیشن کا نوٹس
لاہور (ویب ڈیسک) قومی اور پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران فیصل آباد اور ہری پور میں ووٹرز کی ووٹ کاسٹ کرنے کی وڈیو وائرل ہوگئیں، الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پروائرل بیلٹ پیپرز کا سخت نوٹس لے لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد کے حلقہ پی پی 98 میں چک جھمرہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹر کی ووٹ کاسٹ کرنے کی وڈیو وائرل ہوگئی۔ ووٹر کو پولنگ اسٹیشن کے اندر بیلٹ پیپر پر مہر لگاتے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ ادھر ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں بھی ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، ووٹرز نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر ووٹ کاسٹ کرکے موبائل فون کے ذریعے بیلٹ پیپرز کی وڈیو بناکر سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپ میں شیئر کی۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پروائرل بیلٹ پیپرز کا سخت نوٹس لے لیا، اور حکام کو بیلٹ پیپر کی رازداری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔


