میر حاصل خان بزنجو کا انتقال ملک وقوم کے لیے بڑا نقصان ہے، عمران خان
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے نیشنل پارٹی کے سربراہ میرحاصل خان بزنجوکے انتقال پرافسوس اور مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے تعزیتی بیان میں نیشنل پارٹی کے سربراہ میرحاصل خان بزنجوکے انتقال پرافسوس کااظہار کیا اور مرحوم کیاہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے سینیٹر میرحاصل خان بزنجو کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرحاصل خان بزنجو نظریاتی اورپاکستان سے محبت کرنے والے رہنما تھے انکی وفات جمہوریت اورملک و قوم کیلئے بہت بڑا نقصان ہے، وہ بلوچستان کے عوام کی ایک مقبول اور توانا آواز تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیں کیا جاسکتا۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو کا انتقال شمع کا بجھنا نہیں ہے، حاصل بزنجو نے ہزاروں شمعیں روشن کیں، حاصل بزنجو ایک شخصیت کا نہیں ایک دور کا نام ہے۔شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو صرف بلوچستان میں نہیں پورے ملک میں قدآورشخص تھے، ان کے بغیر ملک کی سیاست نامکمل ہے، حاصل بزنجو نے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔رضا ربانی نے کہا کہ حاصل بزنجو کی پوری زندگی صوبائی خودمختاری کی جدوجہد میں گزری، حاصل بزنجو جیسا ایماندار سیاستدان پاکستان میں نہیں ہوگا۔عبدالمالک بلوچ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ میر حاصل بزنجو ایک قوم پرست اور جمہوریت پسند انسان تھے، حاصل بزنجو کئی بار جمہوریت کی خاطر جیلوں میں گئے، حاصل بزنجو کی تمام تر زندگی جدوجہد میں گزری،وہ انتہائی ایماندار اور نڈر انسان تھے۔


