آمریت کیخلاف مزاحمت اور عوامی حقوق کی بحالی پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے، آصف زرداری

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آمریت کے خلاف مزاحمت اور عوامی حقوق کی بحالی پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے۔ صدرزرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کے بانی رہنماﺅں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے58 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد نے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کیا، آمریت کے خلاف مزاحمت اور عوامی حقوق کی بحالی پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1973ءکا متفقہ آئین بھٹو شہید کا تاریخی تحفہ ہے، وفاق کے استحکام اور قومی یکجہتی میں پیپلز پارٹی کا کلیدی کردار ہے، گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں اصلاحات پیپلز پارٹی کا اہم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی، زمین، مزدور، تعلیم اور سماجی انصاف کی تاریخی اصلاحات پیپلز پارٹی کی شناخت ہیں،ایم آر ڈی سے اے آر ڈی تک پیپلز پارٹی جمہوری ارتقا کی معمار رہی ہے۔ چارٹر آف ڈیموکریسی اور اٹھارویں ترمیم پیپلز پارٹی کا جمہوری ورثہ ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں پیپلز پارٹی کی شمولیت اہم ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدور، کسان، خواتین اور اقلیتوں کی آواز رہی ہے، محروم طبقات کی شمولیت پارٹی کے مشن کا مرکز ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جمہوریت، مساوات اور سماجی انصاف کے عزم کی تجدید کی ضرورت ہے، خواتین و اقلیتوں کی بااختیاری پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،کارکنان جمہوری اتحاد کو برقرار رکھیں، پیپلز پارٹی ایک روادار،روشن خیال پاکستان کیلئے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں