تین ماہ سے لاپتا یحییٰ محنت کش اور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا، حکام بالا بحفاظت بازیابی یقینی بنائیں، اہلخانہ کا مطالبہ

تربت (نمائندہ انتخاب) نظر آباد تحصیل تمپ سے تعلق رکھنے والے لاپتہ نوجوان یحییٰ ولد عبد الواحد کے اہلخانہ نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تین ماہ سے لاپتہ ہے، جو پورے خاندان کے لیے کسی قیامت سے کم نہیں۔ اہلخانہ نے بتایا کہ یحییٰ ولد عبد الواحد کو 8 ستمبر 2025 کی رات حب چوکی کے صنعتی علاقے بلوچ کالونی سے حراست میں لے کر جبراً لاپتہ کردیا گیا۔ تین ماہ گزرنے کے باوجود نہ تو سرکاری اداروں کی جانب سے کوئی معلومات فراہم کی گئیں اور نہ ہی یحییٰ کی جان و سلامتی کے حوالے سے کوئی اطلاع دی گئی ہے۔ اہلخانہ نے کہا کہ یحییٰ ایک محنت کش نوجوان ہے اور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔ ان کے والد کے انتقال کے بعد چاروں بہنوں نے اسے پالا پوسا اور وہ بڑے ہو کر گھر کے اخراجات چلانے کے لیے مزدوری کرتا تھا۔ اہلخانہ کے مطابق یحییٰ کے خلاف کسی قسم کا کوئی مقدمہ، الزام یا ثبوت موجود نہیں اور اگر کوئی شواہد ہیں تو انہیں منظر عام پر لایا جائے اور ملکی آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ اہل خانہ نے بتایا کہ وہ چار مرتبہ ڈپٹی کمشنر کیچ سے رجوع کرچکے ہیں، تاہم انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ مجبوراً آج وہ میڈیا کے ذریعے اپنی فریاد حکامِ بالا تک پہنچانے پر مجبور ہیں۔ پریس کانفرنس میں اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ یحییٰ عبد الواحد کو فوری طور پر بازیاب کر کے باحفاظت رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے